فلسطینی جنگجوؤں نے 35 صہیونی فوجیوں کوبھی پکڑلیا،کئی علاقوں پر بھی قبضہ
تل ابیب(یو این آئی) اسرائیلی حکام نے غزہ پٹی کے قریبی علاقوں پر کنٹرول کھونے اور فوجیوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ حماس نے غزہ پٹی کے قریبی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور آپریشن کے دوران 35 اسرائیلی فوجیوں کو پکڑ لیا ہے، حماس کے راکٹ حملوں سے ایک پولیس اسٹیشن میں بھی آگ لگ گئی۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت 14 مختلف مقامات پر 60 کے آس پاس حماس جنگجو موجود ہیں۔

ادھر مشرقی یروشلم کے علاقے سلوان میں فلسطینیوں نے سڑکیں بند کر دی ہیں، شہر میں تمام عوامی پناہ گاہیں کھول دی گئی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج صبح غزہ سے وسطی اور جنوبی اسرائیل کے شہروں پر تقریباً 2500 راکٹ داغے گئے ہیں، جو یروشلم تک پہنچےاور فلسطینی جنگجوؤں نے زمینی، سمندری اور فضائی راستے سے ملک کے جنوب میں علاقوں میں دراندازی کی۔
مشاهد متداولة لاختطاف عدد من الإسرائيليين وإدخالهم إلى قطاع #غزة باستخدام دراجات نارية.. ووسائل إعلام إسرائيلية تتحدث عن وقوع 35 أسيراً #إسرائيل #العربية pic.twitter.com/5IJRnkqYsF
— العربية (@AlArabiya) October 7, 2023
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ آج صبح حماس کی طرف سے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے مشترکہ حملے کے خلاف دفاع کے لیے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن ’سورڈ آف آئرن‘ شروع کر دیا ہے۔وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل حالت جنگ میں ہے، یہ کوئی نام نہاد فوجی آپریشن نہیں، لڑائی کا دوسرا دور نہیں بلکہ باقاعدہ جنگ ہے۔ نیتن یاہو نے مزید کہا ’’میں نے فورسز کو پوری طاقت کے ساتھ دشمن کو جواب دینے کا حکم دے دیا ہے، یہ جنگ ہم جیتیں گے۔‘‘
ادھر ایران نے فلسطینیوں کی مزاحمتی تحریک حماس کو اسرائیل پر حملے کرنے پر مبارکباد پیش کی اور حمایت کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر یحییٰ رحیم صفری نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل پر میزائل حملے کیلیے حماس مبارکباد کے قابل ہے۔یحییٰ رحیم صفری نے کہا کہ حماس کے اسرائیل پر بڑے حملے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، فلسطین کی آزادی تک فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی گروپ حماس کا اسرائیل پر حملہ انتہائی حیران کن اور پھیلا ہوا تھا۔ادھر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران فلسطین کی آزادی تک اسرائیل پر حماس کے حملے کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم حماس کے قابل فخر آپریشن کی حمایت کرتے ہیں، آپریشن کے دوران مزاحمت نے اب تک شاندار فتوحات حاصل کی ہیں۔ناصر کنانی نے کہا کہ صہیونیوں کے خلاف فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تاریخ ایک روشن مقام ہے۔