نئی دلی/اسلام آباد(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک/ایجنسیاں): پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں لانگ مارچ پر وزیرِ آباد کے قریب فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔پاکستانی اخبار جنگ نے بتایا ہے کہ عمران خان کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ فائرنگ سے تین سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ٹانگ پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا جارہاہے کہ عمران خان اس واقعہ کے بعد محفوظ ہیں اور انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کیا گیا ہے۔اس درمیان بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کے بعد پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
ابھی تک پولیس نے یہ تصدیق نہیں کی کہ اسی شخص نے فائرنگ کی ہے کہ نہیں۔
فائرنگ کے بعد سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان کو کنٹینر سے گاڑی میں منتقل کر دیا گیا۔فائرنگ کے واقعے میں سینیٹر فیصل جاوید زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان لانگ مارچ کے ساتویں روز لاہور سے وزیرِ آباد پہنچے تھے اور انہوں نے تین مقامات پر خطاب کرنا تھا، لیکن اُن کے خطاب سے قبل ہی کنٹینر پر فائرنگ کی گئی۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پولیس نے ایک شخص کو موقع سے اسلحے سمیت حراست میں بھی لیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیر سے لانگ مارچ کا آخری مرحلہ شروع ہو گا۔ وزیر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 10 سے 15 لاکھ لوگ جمع ہوں گے۔ عمران خان پہلے روات پہنچیں گے جس کے بعد وہ بڑے قافلے کے ساتھ اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی ہے، کنٹینر سے اعلان کیا گیا ہے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان محفوظ ہیں۔
فائرنگ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، فیصل جاوید، احمد چٹھہ اور چوہدری یوسف بھی زخمی ہوئے ہیں۔حملہ آور کی جانب سے ایک برسٹ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک اور گولی چلائی گئی ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چار سے پانچ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو وزیر آباد منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اللّٰہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔