سری نگر،26 اگست(یو این آئی) نیشنل کانفرنس نے پیرکو شام دیر گئے پہلے مرحلے کے لیے 18 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔پارٹی کے صدر فاروق عبداللہ کی طرف سے منظور کردہ فہرست میں سابق ممبر پارلیمنٹ ریٹائرڈ حسنین مسعودی پانپور سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان سیٹ شیئرنگ معاملہ سلجھنے کے بعد نیشنل کانفرنس نے امیدواروں کی پہلی لسٹ منظر عام پر لائی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں سابق وزیر محمد خلیل بندھ کو پلوامہ ،غلام محی الدین میر راجپورہ ، شکوت حسین گنائی زینہ وپرہ، شیخ رفیع شوپیاں، سکینہ یاتو ڈی ایچ پورہ، پیرزادہ فیروز احمد دیوسر ، چودھری ظفر احمد ، لارنو، عبدالمجید لارمی اننت ناگ ویسٹ، بشیر احمد ویری بجبہاڑة ، ریاض احمد خان اننت ناگ ایسٹ، الطاف احمد کلو پہلگام ، محبوباقبال بدرواہ، خالد نجیب سہر وردی ڈوڈہ، ارجن سنگھ راجو رام بن، سجاد شاہین بانہال ، سجاد کچلو کشتواڑ اور پوجو ٹھاکر کو پڈر سے منڈیٹ دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان سیٹ شیئرنگ کا معاملہ سلجھ گیا ہے ۔
دریں اثناء جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ انڈیا اتحاد اسی لئے بنا تاکہ ان طاقتوں کو شکست سے دوچار کیا جائے جو ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج ہم بے حد خوش ہیں کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے متحد طورپر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے شام دیر گئے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اسمبلی چناو متحدہ طورپر لڑنے کا فیصلہ کیا اور جو سیٹ شیئرنگ کا معاملہ تھا اس کو بھی خوش اسلوبی کے ساتھ سلجھایا گیا ہے۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ ہمیں پوری امید ہے کہ اس بار جموں وکشمیر میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اس وقت گونا گوں مصائب و مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ان کے مطابق کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان آپسی گفت وشنید کے بعد سیٹ شیئرنگ کے مسئلے کو افہام و تفہیم کے ذریعے سلجھایا گیاہے۔فاروق عبداللہ نے کہا :’مذہب کے نام پر تقسیم کرنے والوں کے خلاف انڈیا اتحاد مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کرئے گا ۔‘