کوٹا (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بدھ کو یہاں جھالاواڑ روڈ پر واقع سٹی آکسیجن پارک کا افتتاح کیا۔صبح تقریباً 11.45 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوٹا ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد مسٹر گہلوت سیدھے سٹی آکسیجن پارک گئے اور اس کا افتتاح کیا۔ پروگرام کی صدارت شہری ترقی اور خود مختار حکومت کی وزیر شانتی دھاریوال نے کی، جب کہ افتتاح کے موقع پر اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی، وزیر تعلیم بی ڈی کلا، وزیر محصول رام لال جاٹ، وزیر خوراک پرتاپ سنگھ کھچاریاواس سمیت گہلوت حکومت کے کئی وزراء موجود تھے۔ ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ دوٹاسرا اور مختلف کارپوریشنوں، بورڈز کے صدور، ایم ایل اے اور کانگریس کے عہدیدار بھی موجود تھے۔اس کے بعد مسٹر گہلوت نے اپنی کابینہ کے ساتھیوں اور عہدیداروں کے ساتھ آکسیجن سٹی پارک کا دورہ کیا اور اس کا مشاہدہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کی تعریف کی۔
خیال رہے کہ مسٹر گہلوت نے منگل کو چمبل ریور فرنٹ کے افتتاحی پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنی تھی لیکن وہ ناگزیر وجوہات کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔کوٹا ڈیولپمنٹ ٹرسٹ نے شہر کے گنجان آباد علاقے کے وسط میں تقریباً 30 ہیکٹر کے رقبے میں آکسیجن سٹی پارک تیار کیا ہے، جس میں تقریباً 85 فیصد علاقے کو قدرتی طور پر ہریالی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس سے ماحول کو شفاف کرنے میں مدد ملے گی۔ اس پارک کو یہاں تیار کرنے کا بنیادی مقصد کوٹا آنے والے کوچنگ طلباء کو تناؤ سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے کیونکہ جس جگہ یہ آکسیجن سٹی پارک تیار کیا گیا ہے، کوٹا کے بیشتر کوچنگ انسٹی ٹیوٹ اور ہاسٹل آس پاس ہی ہیں۔آکسیجن سٹی پارک کا ترقیاتی کام سال 2020 میں 17 فروری کو شروع کیا گیا تھا، جو تقریباً تین سال بعد 30 مارچ 2023 کو تقریباً 120 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔