جدہ(ایجنسیاں)جرمن چانسلراولف شُلز خطۂ خلیج کے دوروزہ دورے کے پہلے مرحلے میں ہفتے کوسعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔مکہ ریجن کے گورنر شہزادہ خالد بن فیصل آل سعود نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع جدہ ہوائی اڈے پر جرمن چانسلراور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔
اس کے بعد انھیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے السلام شاہی محل لے جایا گیا جہاں انھوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کی خبر کے مطابق شلز ہفتے کی شام متحدہ عرب امارات اوراتوار کو قطر جائیں گے۔
جرمن حکومت کے ترجمان نے گذشتہ سوموار کو برلن میں صحافیوں کوبتایا ہے کہ شلزآیندہ اتوار کو متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔اس کے بعد وہ مذاکرات کے لیے قطر جائیں گے اور پھر وہاں سے اسی روز جرمنی لوٹ جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ خلیجی ریاستوں کے اختتام ہفتہ پرچانسلرکے اس دورے میں دیگرامورکے علاوہ جرمنی میں سرمایہ کاری کے مواقع پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔