نئی دہلی ( یو این آئی ) حکومت نے آج راجیہ سبھا کو بتایا کہ مرکزی حکومت تمام ریاستوں کو ان کا (جی ایس ٹی) ٹیکس ادا کر رہی ہے اور اس مد میں کسی بھی ریاست کی کوئی رقم بقایا نہیں ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے منگل کو وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ مرکز پر کسی بھی ریاست کی جی ایس ٹی کی کوئی رقم واجب الادا نہیں ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ نظام کے مطابق حکومت تمام ریاستوں کو جی ایس ٹی کی ابتدائی ادائیگی کرتی ہے لیکن آخری ادائیگی ریاست کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرل کا سرٹیفکیٹ بھیجنے کے بعد ہی کی جاتی ہے اور موجودہ صورتحال کے مطابق کرناٹک اور کیرالہ کو چھوڑ کر کسی بھی ریاست نے ادائیگی نہیں کی ہے۔ پچھلے مالی سال اور اس سے پہلے بھی کچھ ریاستوں نے اکاؤنٹنٹ جنرل کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا ہے، اس لیے ان کی حتمی ادائیگی نہیں کی گئی ہے ۔ جیسے ہی یہ سرٹیفکیٹ ملتا ہے، ان ریاستوں کو ادائیگی کی جاتی ہے۔ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کو مسلسل آسان بنانے سے مسائل حل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی افسر اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے قانون کا غلط استعمال کرتا ہے تو اس کی تفصیلات شیئر کریں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں مسٹر چودھری نے کہا کہ سال 2013 میں ملک میں فی کس آمدنی تقریباً 79 ہزار روپے تھی جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 72 ہزار روپے ہو گئی ہے۔