ڈھاکہ، 6 مئی (یو این آئی) بنگلہ دیش کے کچھ حصوں میں گزشتہ دو ہفتوں میں گرمی کی لہر اور لو سے متعلق واقعات میں پندرہ افراد کی موت ہو گئی ہے۔حکومت نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے تحت ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور کنٹرول روم نے بتایا کہ ان میں سے تین کی موت پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ زیادہ تر اموات ملک کے جنوب مغربی علاقے کے ضلع ماگورا میں ہوئیں، جہاں گزشتہ ہفتے پارہ 43.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقے اس وقت حالیہ برسوں میں بدترین گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ناقابل برداشت گرمی سے نمٹنے کے لیے گزشتہ ہفتے پورے جنوبی ایشیائی ملک میں اسکول، کالج، مدارس اور فنی تعلیم کے ادارے بند کردیے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ آنے والے برسوں میں بے قاعدہ بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی اور لو میں اضافے کا خدشہ ہے جس سے ملک کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔