رانچی، 07 فروری (یو این آئی) جھارکھنڈ میں زمین گھپلہ معاملے میں ملزم سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کا پانچ دن کا ریمانڈ پوری ہونے کے بعد ای ڈی نے آج انہیں ای ڈی کے خصوصی جج کی عدالت میں پیش کیا۔انہوں نے اس معاملے میں مزید تفتیش کی ضرورت بتاتے ہوئے مسٹر سورین کے ریمانڈ کا بھی مطالبہ کیا۔ ای ڈی نے مسٹر سورین کے 7 دن کے ریمانڈ کی مانگ کی تھی۔ سماعت کے بعد عدالت نے 5 روزہ ریمانڈ دے دیا۔ ہیمنت سورین کی طرف سے ایڈوکیٹ جنرل راجیو رنجن پیش ہوئے۔ ای ڈی کی جانب سے ایڈوکیٹ اے کے داس پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ ہیمنت سورین کو 31 جنوری کو پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی درخواست کو دیکھتے ہوئے عدالت نے 5 دن کا ریمانڈ دیا تھا۔ رانچی سول کورٹ میں ہیمنت سورین کی پیشی کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ بڈاگین میں 8.5 ایکڑ اراضی پر قبضہ اور دہلی میں ان کی رہائش گاہ سے 36 لاکھ روپے کی وصولی کے معاملے میں ای ڈی ہیمنت سورین سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔