دہرادون(یو این آئی) اتراکھنڈ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے بدھ کو کانگریس لیڈر اورسابق وزیر ہرک سنگھ کی رہائش گاہ اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔ مسٹر ہرک کے علاوہ بارہ دیگر افراد کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے جاری ہیں۔ ای ڈی نے یہ چھاپہ منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کے التزامات کے تحت مارا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ای ڈی کی ٹیم مسٹر ہرک سنگھ کی ڈیفنس کالونی رہائش گاہ پہنچی اور ضروری دستاویزات کی تلاشی لی۔ اس کے علاوہ میڈیکل کالجز اور دیگر اداروں کے ڈائریکٹرز اور عہدیداروں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ ای ڈی نے سابق وزیر سے جڑے کچھ دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے ہیں۔ خبر لکھے جانے تک چھاپے جاری تھے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ویجیلنس ٹیم نے بھی چھاپے مارے تھے۔ کوربیٹ ٹائیگر ریزرو کے پاکھرو سفاری ٹائیگر گھوٹالے میں سابق وزیر جنگلات ہرک سنگھ سمیت کئی اہلکاروں پر تفتیشی ایجنسیاں نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کچھ افسران کے خلاف بھی کارروائی کے اشارے مل رہے ہیں۔2022 کے اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے، مسٹر ہرک سنگھ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) چھوڑ کر کانگریس میں واپس آگئے تھے۔ 2016 میں ہریش راوت کی قیادت والی کانگریس حکومت کو گرانے میں ہرک سنگھ نے خاص کردار ادا کیا تھا۔