نئی دہلی، 14 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پولیس کے ڈائریکٹر جنرلز سے ایک خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کی سمت کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ہفتہ کو یہاں دو روزہ قومی سلامتی اسٹریٹجک کانفرنس-2024 کے دوسرے دن اپنے اختتامی خطاب میں مسٹر شاہ نے ریاستوں کے پولیس ڈائریکٹر جنرلز سے اپیل کی کہ وہ ایک خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان کے وزیر اعظم کے وژن 2047 کی سمت کام کریں۔
وزیر داخلہ نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو بڑھانے کے لیے ایک تفصیلی حکمت عملی تجویز کی، جس میں بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون اور دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنے کے لیے صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے قومی تحقیقاتی ایجنسی اور ریاستی انسداد دہشت گردی اسکواڈز کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بائیں بازو کی شورش کے خلاف کوششوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ان ریاستوں کو خبردار کیا جنہوں نے حال ہی میں اپنے علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں۔وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر، بائیں بازو کی انتہا پسندی اور شمال مشرق جیسے دیرینہ قومی سلامتی کے خدشات کو حل کرنے میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اب یہ ناگزیر ہو گیا ہے کہ ابھرتے ہوئے قومی سلامتی کے چیلنجز بشمول منشیات، ڈرونز اور آن لائن فراڈ کی نشاندہی کی جائے اور اس سے پہلے کہ وہ بڑے چیلنجز بن جائیں ان سے نمٹا جائے۔تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے تناظر میں وزیر داخلہ نے ریاستوں کے پولیس ڈائریکٹر جنرلز پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ کریں اور متاثرین کو جلد اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔