چنئی (یو این آئی) دراوڑ منترا کژگم (ڈی ایم کے) کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف ملک گیر لہر چل رہی ہے جبکہ اپوزیشن کی قیادت میں انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔مسٹر اسٹالن نے ڈی ایم کے کارکنوں کے نام ایک خط میں ان پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں نہ صرف ڈی ایم کے اور اس کے اتحادیوں کی جیت کو یقینی بنائیں بلکہ ملک کو بی جے پی کی حکمرانی سے بھی آزاد کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم کو بھی، یہ کہتے ہوئے بے نقاب کرنے کی اپیل کی کہ اس نے بی جے پی کے ساتھ ناطہ توڑنے کا اعلان کرنے کے باوجود اس کے ساتھ اتحاد جاری رکھا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈیا اتحاد دن بدن مضبوط ہو رہا ہے اور مرکز میں حکمراں بی جے پی حکومت کے خلاف ملک گیر لہر چل رہی ہے۔ انہوں نے ڈی ایم کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں تمام 40 لوک سبھا سیٹوں (تمل ناڈو میں 39 اور پڈوچیری کی واحد سیٹ) پر ڈی ایم کے زیرقیادت اتحاد کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔