غزہ (یو این آئی) غزہ کی پٹی میں خان یونس شہر کے مغرب میں واقع نام نہاد محفوظ علاقےالامیواسی میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں سے حملے میں کم از کم 50 فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔”غزہ میں سول ڈیفنس ادارے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے الامیواسی کے علاقے میں فضائی حملے کیے جہاں خان یونس شہر کے مغرب میں ہزاروں بے گھر افراد رہائش پذیر ہیں۔
ان حملوں میں کم از کم 50 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور درجنوں زخمی ہوئے۔غزہ کی پٹی کے مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کے حالیہ حملوں میں متعدد فلسطینی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان آویچائے ادرائے نے یکم جولائی کو ایک بیان میں فلسطینیوں سے کہا تھا کہ وہ "اپنی حفاظت کے لیے” خان یونس شہر کے مشرق میں واقع علاقوں کو فوری طور پر خالی کر دیں۔اسرائیلی فورسز نے خان یونس کے مشرقی علاقوں میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو ایک صوتی ریکارڈنگ بھیجی، جس میں فلسطینیوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا گیا، اور دعویٰ کیا گیا کہ یہ ” جھڑپوں کا خطرناک علاقہ” ہے۔
اس کے بعد اسرائیلی حملوں سے فرار ہونے والے فلسطینیوں کو الامیواسی علاقے کی طرف ہجرت کرنا پڑی جو دیر البیلہ کے جنوب مغرب سے رفح کے مغرب تک پھیلا ہوا ہے اور یہ کوئی بستی نہیں ہے۔
خان یونس شہر کے غزہ-یورپ ہسپتال کے عملے نے 2 جولائی کو ہسپتال کے علاقے کو خالی کرنے کے لیے اسرائیل کی وارننگ کے بعد مریضوں، زخمیوں اور آلات کو نکالنا شروع کیا۔غزہ-یورپ ہسپتال سے نکالے گئے مریضوں اور زخمیوں کو، جو کہ غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے چند مراکز صحت میں سے ایک ہے، کو شہر کے مرکز میں واقع ناصر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یو این آئی۔ ع ا۔