نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی وڈرا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکن رائے بریلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی انتخابی ریلی میں ایک صحافی کو مارتے رہے لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔محترمہ وڈرا نے دعویٰ کیا کہ صحافی مسٹر شاہ کی انتخابی ریلی کے دوران خواتین سے بات کر رہے تھے اور خواتین کہہ رہی تھیں کہ انہیں پیسے دے کر انتخابی ریلی میں لایا گیا تھا لیکن بی جے پی کارکنوں کو یہ بات پسند نہیں آئی اور انہوں نے صحافی کی پٹائی کی۔
انہوں نے کہاکہ "صحافی راگھو ترویدی کو رائے بریلی میں وزیر داخلہ کی میٹنگ میں بی جے پی کے لوگوں نے بے دردی سے پیٹا، وزیر داخلہ تقریر کرتے رہے اور پولیس خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہی۔ صحافی کو صرف اس لیے پیٹا گیا کہ اس نے کچھ خواتین سے بات کی تھی۔ جو وہ کہہ رہی تھی کہ اسے میٹنگ میں شرکت کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔”
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہاکہ "بی جے پی جس نے پورے ملک کے میڈیا کو خاموش کر دیا ہے، ان کے خلاف اٹھنے والی کسی بھی آواز کو برداشت نہیں کر سکتی۔ بی جے پی جمہوریت کو تباہ کر کے آئین کو ختم کرنے اور عوام کی آواز چھیننے کی مہم چلا رہی ہے۔”