نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ہم سب مل کر صفائی کارکنوں کو عزت دیں اور اپنی دہلی کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں اپنا تعاون دیں۔مسٹر کیجریوال نے بدھ کو اپنے علاقے کے صفائی ستھرائی کے کارکنوں سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران ان کے تعاون کی تعریف کی اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے کارکنوں کی محنت کا احترام کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ دہلی والوں سے اپیل ہے کہ آپ سبھی چھٹی کے دن اپنے گھر کے اردگرد صفائی کرنے والے کارکنوں کو بھی چائے پر بلائیں اور ان سے اپنی خوشی اور غم کے بارے میں بات کریں۔ انہین بہت اچھا لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بھی ایک عام گھرانے سے ہیں اس لیے ہم جانتے ہیں کہ عام آدمی کے گھر کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہوتا ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ گھر چلانے کا ہے۔ آمدنی نہیں ہے اور اخراجات بڑھ رہے ہیں۔ قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ اس لیے حکومت بنتے ہی سب سے پہلے یہ سوچا جائے گا کہ عوام کو مہنگائی سے کیسے نجات دلائی جائے۔ ہم نے بجلی اور پانی مفت کردیا۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر بھی ایک انتہائی غریب گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ اس وقت چھوا چھوت بہت تھی ۔ بابا صاحب امبیڈکر نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا پیغام دیا تھا کہ اگر ہم اپنے بچوں کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور اپنے معاشرے کو آگے لے جانا چاہتے ہیں تو ہمیں تعلیم پر زیادہ سے زیادہ زور دینا ہوگا۔ ہم نے پڑھائی پر بھی زیادہ سے زیادہ زور دیا۔ سرکاری اسکول اتنے بہترین بنائے گئے کہ آج کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ غریبوں کے بچوں کو خراب تعلیم مل رہی ہے۔