نئی دہلی (ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو ): سپریم کورٹ کی سماعت کے لیے لائیو اسٹریمنگ کی سفارش کرنے کے تین سال سے زیادہ وقت کے بعد جمعہ کو تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ کی کارروائی کا براہ راست نشریہ کیا گیا۔ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کی بنچ کی کارروائی کا براہ راست نشریہ دیکھنے کو ملا۔ قومی آواز ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے ایک نوٹس میں کہا کہ برائے کرم دھیان دیں کہ ہندوستان کے عزت مآب چیف جسٹس کی سبکدوشی کے قبل شام میں عزت مآب چیف جسٹس کی عدالت کی کارروائی، یعنی تقریب بنچ 26 اگست 2022، صبح 10.30 بجے کی کارروائی این آئی سی کے ویب سائٹ پورٹل کے ذریعہ سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔عدالت عظمیٰ کے ذریعہ جاری اس نوٹس میں ایک لنک بھی شیئر کیا گیا ہے اور لکھا گیا ہے کہ مذکورہ بالا لنک کو سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے بھی ایکسس کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس رمنا نے اپنے آخری کام کے دن پر نامزد چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس یو یو للت کے ساتھ بنچ شیئر کیا۔
جسٹس للت کو حال ہی میں ہندوستان کے 49ویں چیف جسٹس کی شکل میں مقرر کیا گیا اور سی جے آئی رمنا کی سبکدوشی کے بعد وہ اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ عدالت عظمیٰ نے پہلی بار سی جے آئی کی عدالت میں فہرست بند معاملوں کی سماعت اور احکامات کے اعلان کا براہ راست نشریہ کیا۔
’فری بی‘ پر عدالت عظمیٰ کا حکم ان احکامات میں شامل تھا جن کا براہ راست نشریہ کیا گیا۔ حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ آگے ہوگا یا نہیں۔ 2018 میں عدالت عظمیٰ نے فیصلہ سنایا تھا کہ عدالتی کارروائی کا براہ راست نشریہ آئین کے شق 21 کے تحت انصاف حاصل کرنے کے حق کا حصہ ہے۔ چھ ہائی کورٹ یوٹیوب پر اپنے چینلوں کے ذریعہ سے کارروائی کا براہ راست نشریہ کر رہے ہیں۔