دہلی کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ کے علاوہ ایکسائز پالیسی سے جڑے معاملہ میں نامزد دیگر13ملزمان کے تعلق سے بھی مرکزی تفتیشی ایجنسی کی جانب سے یکساں ایکشن
نئی دہلی: دہلی ایکسائز پالیسی میں بدعنوانی کے مشتبہ معاملہ میں سی بی آئی نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق لُک آؤٹ نوٹس جاری ہونے کے بعد منیش سسودیا کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگ گئی ہے۔ خبروں کے بقول ڈپٹی وزیر اعلیٰ کے علاوہ دیگر13 اور ملزمان کے خلاف بھی سی بی آئی نے لک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے ۔ منیش سسودیا کی گرفتاری کے امکانات کے درمیان سی بی آئی نے مجموعی طور پر 14 ملزمان کے خلاف لُک آوٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
سی بی آئی نے جو لُک آؤٹ سرکلر جاری کیا ہے اس میں ان تمام ملزمان کے نام شامل ہیں، جن کے خلاف شراب پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ تاہم، اس میں ممبئی کی انٹرٹینمنٹ ایونٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او وجے نائر کا نام شامل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل دہلی میں میش سسودیا کی رہائش پر سی بی آئی نے چھاپہ ماری کی تھی۔ اس کے علاوہ اس معاملہ میں ملک کے کل 21 ٹھکانوں پر سی بی آئی نے چھاپہ مارا تھا۔
سی بی آئی کے لک آؤٹ نوٹس معاملہ میں نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا’آپ کی ریڈ فیل ہو گئی، کچھ نہیں ملا، ایک پیسے کی ہیرا پھیری نہیں ملی، اب آپ نے لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے کہ منیش سسودیا مل نہیں رہا ہے۔ یہ کیا نوٹنکی ہے مودی جی میں کھلے عام دہلی میں گھوم رہا ہوں، بتائیے کہاں آناہے ہے؟ آپ کو میں مل نہیں رہا‘۔
ادھر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا اور لکھاکہ ایسے وقت میں جب عام آدمی مہنگائی سے لڑ رہا ہے، کروڑوں نوجوان بے روزگار ہیں۔ مرکزی حکومت کو تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر بے روزگاری اور مہنگائی سے لڑنا چاہیے۔ اس کے بجائے وہ ہر صبح سی بی آئی-ای ڈی کا یہ کھیل شروع کر دیتے ہیں۔ اس طرح ملک کیسے ترقی کرے گا۔
خبروں کے مطابق منیش سسودیا کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 120 بی، 477 اے اور بدعنوانی کی روک تھام کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس درمیان یہ بھی خبر ہے کہ سی بی آئی کے ساتھ ساتھ اب ای ڈی بھی اس معاملے میں دخل دینے کی تیاری مین ہے۔ ذرائع کی خبر کے مطابق سی بی آئی نے متعلقہ دستاویز ای ڈی کے سپرد کی ہے اور خبروں میں بتایاجارہاہے کہ ای ڈی اب منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کرے گی۔