چنئی (یو این آئی) تمل ناڈو کے کوئمبٹور شہر میں اتوار کی علی الصبح ایک مندر کے سامنے کھڑی کار میں رکھاایل پی جی سلنڈر پھٹ گیا جس سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ دھماکہ حساس علاقے اکّڑم کے قریب کوٹائی ایشورن کوول کے سامنے صبح 4 بجے کے قریب ہوا۔ جس کی وجہ سے کار میں سوار ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جہاں دو ایل پی جی سلنڈر ملے۔
دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ اور دو ٹکڑے ہو گئی اور ملبے کا ڈھیر بن گئی۔پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو سروسز نے ایک شخص کی جلی ہوئی لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور پورے کوئمبٹور شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔تمل ناڈو کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سی سلیندر بابو نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ماروتی کار میں دو سلنڈر تھے جن میں سے ایک پھٹ گیا۔ کار کی ملکیت پولاچی میں رجسٹرڈ ہے اور اسے ایک دو بار فروخت کیا جا چکا ہے۔ کار کے موجودہ مالک کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی چھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ سلنڈر کہاں سے منگوایا گیا تھا، مہلوک کا پتہ لگانے اور واقعہ کے وقت وہ موقع پر کیوں موجود تھا، چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئمبٹور سٹی پولیس کمشنر وی بالاکرشنن کی قیادت میں یہ ٹیمیں دھماکے کی اصل وجہ کا پتہ لگائیں گی۔
یہ پوچھے جانے پر کہ دھماکہ حادثاتی تھا یا منصوبہ بند، ڈی جی پی نے کہا کہ ابھی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ تباہ شدہ کار کے ارد گرد بکھرے ہوئے پتھروں اور کیلوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ڈی جی پی کے دورے سے قبل، اے ڈی جی پی (امن و امان) پی تھمرائیکنن نے بھی دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور کہا کہ پولیس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔