پٹنہ، 7 جنوری (یو این آئی) بہار کے سابق وزیر اعلی اور ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) کے سرپرست جیتن رام مانجھی نے آج دعویٰ کیا کہ بدلے ہوئے منظر نامے میں ریاست میں جلد ہی نئی سیاسی الٹ پھیرکا امکان ہے ۔
مسٹر مانجھی نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اتنی توہین کی ہے کہ اب وہ تنگ آچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے عظیم اتحاد چھوڑنے کی پیشین گوئی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گہری مایوسی میں مبتلا مسٹر کمار کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
ایچ اے ایم کے سرپرست نے کہا، "نئی دہلی کے اپنے حالیہ دورے کے دوران، وزیر اعلی مسٹر کمار نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو سے ان کی رہائش گاہ پر ملنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا، جو مسٹر کمار کو ناراض کرنے کے لیے کافی ہے”۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ مسٹر کمار اپنی سہولت اور حالات کے مطابق اپنے سیاسی شراکت داروں کو تبدیل کرتے رہے ہیں۔