رامپور ۔ ( ذیشان مراد علیگ ) آج نیشنل پانڈولپی مشن کے تحت رامپور رضا لائبریری کی دو رکنی ٹیم شہر کی معروف صولت پبلک لائبریری پہنچی اور یہاں کے خزانہ کتب میں موجود مخطوطات اور دیگر اہم کتابوں کا جائزہ لیا۔ صولت لائبریری پہنچنے پر سید طارق اظہر اور ہمانشو سنگھ پر مشتمل نیشنل پندولپی مشن کی ٹیم کا لائبریری کے سیکریٹری ڈاکٹر عدنان خاں ضیائی اور لائبریرین مظہر معین خاں نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر لائبریری کے سیکریٹری نے بتایا کہ بہت جلد صولت پبلک لائبریری کے مخطوطات کے پرزرویشن کا کام شروع کیا جائے گا۔
غور طلب رہے کہ گزشتہ دنوں صولت پبلک لائبریری کے صدر ڈاکٹر محمود علی خاں اور سیکریٹری ڈاکٹر عدنان خاں ضیائی نے رامپور رضا لائبریری پہنچ کر صولت لائبریری کے مخطوطات اور دیگر اہم کتابوں کے تحفظ کے تعلق سے رضا لائبریری کے اسسٹنٹ لائبریرین ڈاکٹر ابو سعد اصلاحی اور ارون کمار سکسینہ سے ملاقات کی تھی۔ جنہوں نے جلد صولت لائبریری آکر کتابوں کا جائزہ لینے کی یقین دھانی کرائی تھی ۔