نئی دہلی (یو این آئی) دہلی میونسپل کارپوریشن کی 250 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 7 دسمبر کو صبح 8 بجے سے 42 مراکز پر ہوگی۔ دہلی میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس کے لیے 42 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ 4 دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں 50.48 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ الیکشن میں 1,349 امیدوار وں کی قسمت کا فیصلہ کیا گيا ہے۔ دہلی پولس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کرکے گنتی مراکز پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈرون کیمروں سے تمام ووٹ شماری مراکز کی نگرانی کی جائے گی۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر تمام ایگزٹ پول میں عام آدمی پارٹی کی جیت ظاہر کی گئی ہے۔ اگر نتائج ایسے ہی رہے تو ڈیڑھ دہائی سے کارپوریشن پر حکومت کرنے والی بی جے پی کے لیے یہ بڑا دھچکا ہوگا۔ اس بار عام آدمی پارٹی کوڑے کے پہاڑ سے لے کر صاف صفائی تک کے معاملے پر دہلی کے لوگوں کے درمیان چلی گئی تھی۔ بی جے پی نے بھی لگاتار چوتھی بار جیتنے کے لیے پوری طاقت لگائی تھی، لیکن اگر ایگزٹ پولس پر یقین کیا جائے تو بی جے پی کے لیے نتائج خوشگوار نہیں لگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 کے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی نے تینوں میونسپل کارپوریشنوں میں کل 181 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس نے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی 103 میں سے 64 سیٹیں، جنوبی کارپوریشن کی 104 میں سے 70 سیٹیں اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کی 63 میں سے 47 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس الیکشن میں عآپ کو صرف 48 سیٹیں مل سکی تھیں جبکہ کانگریس کو صرف 30 سیٹیں ملی تھیں۔واضح ر ہے کہ اس سے قبل تینوں کارپوریشنوں کے مجموعی 272 وارڈ تھے لیکن تینوں کارپوریشنوں کے انضمام کے بعد وارڈوں کی تعداد 250 ہو گئی ہے۔