تلنگانہ میں کانگریس کا طوفان بھی سابق کرکٹر کے کچھ کام نہ آسکا
حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس کا طوفان بھی سابق کرکٹر اور کانگریس لیڈر کو فتح دلانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ تلنگانہ کی جوبلی ہلز سیٹ سے کانگریس کے محمد اظہر الدین الیکشن ہار گئے ہیں۔ گنتی کے 26 راؤنڈ کے بعد اظہر الدین کو کل 62,343 ووٹ ملے۔ اظہر الدین کو بی آر ایس امیدوار مگنتی گوپی ناتھ نے شکست دی ہے۔ گوپی ناتھ نے اظہر الدین کو 15,939 ووٹوں سے شکست دی۔ گوپی ناتھ کو 26ویں راؤنڈ تک 78282 ووٹ ملے ہیں۔ بی جے پی کے لنکالا دیپک ریڈی 25.083 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ جوبلی ہلز میں صرف 26 راؤنڈ ہی گننے تھے۔
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں کل 15 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ ان میں سے ایک سیٹ جوبلی ہلز تھی۔ بی آر ایس کے مگنتی گوپی ناتھ نے 2018 میں بھی یہ سیٹ جیتی تھی۔ یہ ان کی مسلسل دوسری فتح ہے۔ جب محمد اظہر الدین نے الیکشن لڑا تو جوبلی ہلز ایک ہائی پروفائل سیٹ بن گئی۔ اس سیٹ پر سخت مقابلے کی بات ہو رہی تھی۔ لیکن تلنگانہ میں کانگریس کی زبردست جیت کے باوجود اظہر الدین جوبلی ہلز سیٹ سے الیکشن ہار گئے ہیں۔
یاد رہے کہ محمد اظہر الدین نے 2009 میں اتر پردیش کی مرادآباد لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کی ٹکٹ پرالیکشن لڑا تھااور کامیابی کا پرچم لہرایا تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے بی جے پی کے کنور سرویش کمار سنگھ کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد 2014 میں انہوں نے راجستھان کے ٹونک سوائی مادھوپور سے الیکشن لڑا۔ لیکن اس بار اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اظہر الدین کو بی جے پی کے سکھبیر سنگھ جونپوریا نے شکست دی تھی۔ اظہر الدین پہلی بار تلنگانہ میں الیکشن لڑ رہے تھے،جس میں ناکامی ان کا مقدر بن گئی۔