حیدرآباد(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر میں ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک مسجد کے مؤذن نے احاطہ مسجد میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ انسپکٹر بھوانی نگر پولیس اسٹیشن مسٹر امجد علی خان نے بتایا کہ مسجد فتح شاہ واقع تالاب کٹہ کے مؤذن 28 سالہ اصغر بادشاہ عبدالراہی شیخ جن کا تعلق بہار سے تھا کی نعش آج مسجد کے احاطہ میں موجود ان کے کمرہ سے برآمد ہوئی۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر بھوانی نگر پولیس کی ایک ٹیم اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم بھی موقع واردات پر پہنچ گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ مؤذن اصغر بادشاہ نے پانچ ماہ قبل مسجد میں مؤذن کی ملازمت حاصل کی تھی اور وہ مسجد کی پہلی منزل پر واقع کمرہ میں مقیم تھے۔ پولیس نے بتایا کہ خودکشی کی وجہ شخصی وجوہات ہوسکتی ہیں اور اس سلسلہ میں پولیس نے متوفی کا موبائیل فون بھی ضبط کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس بھوانی نگر نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور کل بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔ب