گروگرام(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک: سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر ملائم سنگھ یادو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ جمعہ کی دوپہر گروگرام کے میدانتا اسپتال نے میڈیکل بلیٹن جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملائم سنگھ یادو کی حالت اب بھی تشویشناک ہے اور وہ لائف سیونگ ڈرگ پر ہیں۔ نیوز 18کی خبر کے مطابق میدانتا اسپتال کے اسپیشل ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے علاج میں مصروف ہے۔ ذہن نشیں رہے کہ گزشتہ اتوار سے ملائم سنگھ یادو کو آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے، لیکن ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں کے بعد بھی ان کی صحت میں زیادہ سدھار نہیں ہو رہا ہے۔ دوسری طرف سماجوادی پارٹی کے سرپرست کا حال چال لینے کے لئے خیر خواہوں کا تانتا لگا ہوا ہے۔ جمعہ کی صبح اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک گروگرام واقع میدانتا اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے پروفیسر رام گوپال یادو سے ملاقات کرکے نیتا جی کی صحت کا ہال چال جانا اور یوپی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
برجیش پاٹھک کے ملاقات کرنے پر رام گوپال یادو نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے سیاست میں ایک بہتر پیغام جاتا ہے۔ بتادیں کہ یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک آج صبح 8 بجے میدانتا اسپتال پہنچے اور یہاں پہنچ کر انہوں نے پروفیسر رام گوپال یادو سے ملاقات کرکے نیتا جی کی صحت سے متعلق اپڈیٹ لیا۔ واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو گزشتہ کئی ماہ سے بیمار تھے، لیکن جب اچانک ان کی طبعیت زیادہ خراب ہوئی تو انہیں میدانتا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا، جس کے بعد سے ان کی حالت بے حد نازک ہے۔ ایک طرف یادو فیملی پریشان ہے تو دوسری طرف سماجوادی پارٹی کے کارکنان بھی ملائم سنگھ یادو کے لئے الگ الگ طریقوں سے دعا اور ہون کر رہے ہیں۔ کانپور میں بھی پدیاترا کرکے سماجوادی سرپرست کی سلامتی کی دعا کی گئی۔