نئی دہلی (یو این آئی) کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے آئی ٹی) نے دہلی کے تمام تاجروں سے اتوار کے روز دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں خاندان کے تمام ووٹروں کے ساتھ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ سی اے آئی ٹی نے ہفتہ کے روز کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لئے اتوار کے روز ہونے والی پولنگ کے پیش نظر دہلی کے تمام بازار بند رہیں گے۔
سی اے آئی ٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے ایک بیان میں کہا، "پہلے کی طرح، پولنگ کے دن، 4 دسمبر کو، دہلی کے تمام بازار اور کاروباری ادارے، کارخانے، چھوٹی صنعتیں وغیرہ مکمل طور پر بند رہیں گی تاکہ تاجران، ان کے ملازمین، صارفین اور کاروبار سے وابستہ دیگر افراد بغیر کسی رکاوٹ کے ووٹنگ میں حصہ لے سکیں۔
مسٹر کھنڈیلوال نے دہلی کی تمام کاروباری تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ تمام مارکیٹ ایسوسی ایشن اپنے بازار کے ممبروں کو یہ معلومات ضرور دیں اور ساتھ ہی پرزور اپیل کریں کہ کل تمام تاجر اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت پر ووٹ ڈالیں، اور تاجروں کے ملازمین بھی ووٹ ڈالیں۔