لکھنؤ 13مارچ(پریس ریلیز)امامیہ ایجوکیشنل ٹرسٹ اورمشن جے بھیم کے زیراہتمام گزشتہ روز چھوٹے امام باڑے حسین آباد لکھنؤ میں مسلم بہوجن ایکتاسمیلن کا انعقادپی سی کریل کی صدارت میں ہواجس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹرراجندر پال گوتم سابق وزیردہلی سرکار نے شرکت کی۔
جلسے میں مقررین نے ایکتا،اتحاداوربھائی چارگی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ اسی ذریعہ سے ہی ملک ترقی کرسکتاہے ۔جنرل سکریٹری مولانا علی حسین قمی نے کہا کہ امامیہ ایجوکیشنل ٹرسٹ تعلیمی شعبہ میں عرصہ سے سرگرم عمل ہے اورعلم کے ذریعہ ہی اتحاد کو فروغ ملتاہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ناخواندگی ہوگی وہاں فرقہ پرستی ،تنگ نظری فروغ پائے گی اورجہاں علم ہوگا وہاں اتحاد اورسیکولرازم کو فروغ حاصل ہوگا۔
کانفرنس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں خواتین ،طلباء وطالبات اورہرطبقہ سے تعلق رکھنے والے دانشوروں کے علاوہ سابق آئی ایس ایس ،سابق پی سی ایس افسران بھی شامل تھے۔ راجندر پال گوتم نے بھی مسلم بہوجن ایکتاپر زوردیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ قومی یکجہتی اوراتحاد کو فروغ دیاجائے اورملک کے سیکولرزم کو بچایاجائے۔
سمیلن میں رام گوپال ،انیس انصاری سابق آئی اے ایس ،نواب جعفرمیرعبداللہ ،راجندر پرشاد پال ،الیاس اعظمی ،پدم گھوش، سعید احمد،روپادیوی ،کیپٹن دنیش چندر،عبدالنصیرناصر،گوتم رام ساگر اوررفیع احمدوغیرہ نے بھی اتحاد پر زوردیا۔
نظامت کے فرائض نیر جلال پوری نے انجام دئے۔ اس موقع پر جن لوگوں نے خاص طور سے شرکت کی ان میں مولاناتفسیر حسین رضوی ،بدرالدجیٰ نقوی،سابق جج ہائیکورٹ،طالب علی ،شمیم،محمدشاکر،طاہر صدیقی،شکیل چودھری،ارشاد بیگ اوربودھ دھرم کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں مولانا قمی اورمیجر شیکھر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔آخرمیں 17؍اپریل کو مسلم بہوجن کانفرنس چندیا مئو گومتی نگر لکھنؤ میں کرنے کا اعلان کیاگیا۔












