ناگپور ( یو این آئی ) مہاراشٹر کانگریس کے سربراہ نانا پٹولے نے ہفتہ کو کہا کہ انہوں نے اپنے پارٹی عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے جمعہ کو دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد پٹولے نے پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کو ایک خط ای میل کیا تھا اور اپنی موجودہ ذمہ داری سے فارغ ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔نانا پٹولے نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، "میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا ہے… افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔”
پٹولے نے مزید کہا "دراصل، ایم پی سی سی (مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی) کے سربراہ کی میعاد تین سال کی ہے، اور میں نے چار سال پورے کر لیے ہیں۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ میں نے اپنی ذمہ داریوں کو صحیح طریقے سے نبھایا، اور یہ اندرونی معاملہ ہے، ظاہر نہیں کیا جانا چاہیے۔ پارٹی فیصلہ کرے گی، اور مجھے لگتا ہے کہ ہر کسی کو تنظیم میں کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے،” کانگریس لیڈر نے اس دوران، پربھنی شہر میں آئین کی نقل کی توڑ پھوڑ کی مذمت کی جس نے اس ہفتے کے شروع میں تشدد کو جنم دیا، اور مظاہرین کے خلاف لاٹھی چارج کے استعمال پر کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے شروع ہونے والے اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھایا جائے گا۔