کوئمبٹور، 26 فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر امت شاہ نے بدھ کو کہا کہ حد بندی کے بعد تمل ناڈو کی ایک بھی لوک سبھا سیٹ کم نہیں ہوگی ۔مسٹر شاہ نے آج پیلامیڈو میں بی جے پی کے پارٹی دفتر کا شمع روشن کرکے افتتاح کیا اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ رامناتھ پورم اور ترووناملائی میں پارٹی دفاتر کا بھی افتتاح کیا ۔ اس کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) پر سخت حملہ کیا اورکہا کہ مجوزہ حد بندی کے تحت، تمل ناڈو سمیت جنوبی ریاستوں میں ایک بھی لوک سبھا سیٹ کم نہیں ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر اسٹالن نے کہا تھا کہ آبادی کی بنیاد پر حد بندی کے تحت تمل ناڈو میں لوک سبھا کی آٹھ سیٹیں کم ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا تھا کہ حد بندی ایک مہلک تلوار ہے جو جنوبی ریاستوں پر لٹک رہی ہے۔ انہوں نے 5 مارچ کو ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے تاکہ اس مسئلہ پر بات چیت کی جاسکے اور ریاست کے حقوق کے تحفظ کی جاسکے۔ مسٹر شاہ نے مسٹر اسٹالن کے دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ حد بندی کے عمل کے تحت تمل ناڈو سمیت جنوبی ریاستوں میں ایک بھی نشست کم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا، ’’اس کے بجائے، نشستوں کی تعداد بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ 2025 میں دہلی میں حکومت بنا کر بی جے پی کے لیے ایک نئی صبح نظر آئی اور اب 2026 میں (جب اسمبلی انتخابات ہوں گے) تمل ناڈو میں ایک نئی صبح نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی بدعنوان اور ملک دشمن حکمرانی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا، "سال 2025 کا آغاز دہلی میں تاریخی جیت کے ساتھ ہوا ہے اور ہم تمل ناڈو میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومت بنا کر 2026 کا اختتام کریں گے۔” انہوں نے کہا، "تمل ناڈو میں این ڈی اے کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ اب اقربا پروری ختم ہو جائے گی، بدعنوانی کا خاتمہ ہو جائے گا اور ملک دشمن طاقتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ تمل ناڈو میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا، جس سے ہندوستان کی مجموعی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔