سری نگر،17 اگست(یو این آئی)جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کا ایک خصوصی اجلاس آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی نائب صد رعمر عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں صوبہ جموں سے تعلق رکھنے والے لیڈران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں پارٹی امورات، تنظیمی سرگرمیوں، لوگوں کو درپیش گوناگوں مسائل و مشکلات، غیر مواقف موسم سے پیدا شدہ صورتحال اور خصوصاً اسمبلی انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔اس کے علاوہ شرکاءنے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے گوناگوں مشکلات، تباہ کن اقتصادی بحران ، بے روزگاری، آسمان چھوتی مہنگائی ،پارٹی سرگرمیوں اور اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔
شرکاءنے کہا کہ حکومت نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے ، عوام کو ماضی میں جو سہولیات بہ آسانی میسر رہا کرتی تھیں وہ آج احتجاج کرنے کے بعد بھی دستیاب نہیں۔شرکاء نے آئے روز بھرتی عملوں کی منسوخی پر زبردست تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کو مایوسی اور نااُمیدی کے بھنور میں دھکیل رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ تمام افراد پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور ہر حال میں عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور آنے والے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی اُمیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے تن دہی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کا راز عوامی تعاون اور اشتراک میں مضمر ہے ، یہی وجہ ہے کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ عوام کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے اور آج بھی اسی اصول پر قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کی صورت میں ہی ہم عوام کی خدمت کرنے کے علاوہ تینوں خطوں کے مفادات، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرسکتے ہیں اس لئے پارٹی کو مقدم سمجھ کر اس کی آبیاری ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔
نوجوانوں کو آگے لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شامل کرنا نیشنل کانفرنس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس جماعت نے ماضی میں بھی نوجوانوں کو فوقیت بخشی ہے کیونکہ نوجوان ہی قوم اور ملک کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں اور ان کو آگے چل کر بھاگ ڈور سنبھالنی ہوتی ہے۔