ممبئی،18 ،اگست( یواین آئی) آل انڈیا کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے خصوصی رکن کے طور پر سابق وزیر اور ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم عارف خان کی تقرری پر ان کے حامیوں اور عام لوگوں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے ان کا زبردست استقبال کیا گیا ہے۔ واضح رہے سا ق وزیراعلی اور مرکزی وزیر عبدالر حمن انتولے کے بعد نسیم خان دوسرے مسلمان ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ اقلیتی طبقہ کانگریس پارٹی کے ساتھ ہے اور آئندہ اسمبلی الیکشن میں ودھان بھون پرایم وی اے کا پرچم لہرائیں گے۔
واضح رہے کہ قومی سطح پر اقلیتی طبقے کی نمائندگی کے طور پر نسیم خان کو نمائندگی دینے پر ریاستی کانگریس کے لیڈران کی جانب سے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی، قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
نسیم خان کی اس اہم عہدے پر تقرری پر ریاستی کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں استقبال کا ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقہ ہمیشہ کانگریس پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا ہے اور پارٹی نے اس طبقے کو مواقع فراہم کیے ہیں۔ نسیم خان نے کہا کہ وہ راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ذریعے دی گئی اس نئی ذمہ داری کو پورا کرنے کی بھر پور کو شش کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوک سبھا کی طرح آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھی ہم کانگریس اور مہا وکاس آ گھاڑی کی کا میابی کا علم لہرائیں گے اور مہایوتی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کریں گے۔نسیم خان سابق ریاستی وزیر ہیں اور پچھلی کانگریس اور این سی پی حکومت میں مسلمانوں کو ریزرویشن دلانے کے لیے ان کی کوشش شامل رہی ہے۔
گزشتہ روز ایک تہنیتی جلسہ کے موقع پر موجود لیڈروں نے نسیم خان کو نیک خواہشات پیش کیے۔ اس پروگرام میں سابق وزیر سریش شیٹی، ممبر اسمبلی بھائی جگتاپ، ریاستی کانگریس کے نائب صدر نانا گاوَنڈے، ریاستی جنرل سکریٹری راجیش شرما، راجن بھوسلے، شیتل مہاترے، ابراہیم بھائی جان، پارٹی ترجمان نظام الدین راعین، روی راجا، اشوک جادھو، امرجیت سنگھ منہاس، جینیٹ ڈیسوزا، بھاونا جین، بھرت سنگھ، سندیش کوندولکر، حکم راج مہتا، ذیشان سید، شریف خان، ترلوکی مشرا، انیل چورسیا اور کانگریس کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔