نئی دہلی (یو این آئی) اروناچل پردیش کے توانگ میں چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس سمیت کچھ اپوزیشن جماعتوں کی ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا کی کارروائی منگل کو دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ .
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان کا اجلاس شروع ہوتے ہی پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کی 21 ویں برسی کے موقع پرشہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری سمیت کانگریس ارکان اپنی جگہ پر کھڑے ہوگئے اور توانگ کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کرنے لگے۔
ہنگامہ کے درمیان پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ دوپہر 12 بجے اس معاملے پر بیان دیں گے لیکن ہنگامہ جاری رہا۔اسپیکر نے کہا کہ یہ ایوان ضوابط کے تحت چلتا ہے۔ حکومت کی طرف سے وضاحت آ گئی ہے، اس لیے وقفہ سوال جاری رہنے دیا جائے۔ اسپیکر کی جانب سے بار بار اپیل کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی جس کے باعث ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔