محمد بن سلمان اور شہباز شریف کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
مکہ مکرمہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی دعوت افطار میں شرکت کی۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ روزنامہ جنگ کی خبر کے مطابق الصفا پیلس آمد پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں پاک سعودی تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
افطار ڈنر میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی شریک تھے۔ الصفا پیلس میں ہوئی افطار میں بحرین کے ولی عہد بھی شریک ہوئے، سعودی ولی عہد، وزیراعظم شہباز شریف، اور بحرین کے ولی عہد کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
عرب میڈیا کے بقول وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ تین روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے تو انہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وفد کے ہمراہ انہیں افطار کی خصوصی دعوت پر بھی بلا لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف بذریعہ حرمین ٹرین مکہ پہنچے۔ مکہ مکرمہ کے ریلوے اسٹیشن پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم مغرب اور عشا کی نماز حرم پاک میں ادا کیااورخبروں کے مطابق قیام اللیل میں ختم قرآن کی دعا میں شرکت کی۔وزیر اعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاکستان میں سعودی سفیربھی موجود ہیں۔وزیر اعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاکستان میں سعودی سفیربھی موجود ہیں
وزیر اعظم کے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی کابینہ کے اراکین وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطااللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں، پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی عزت اور احترام رکھتے ہیں۔