پٹنہ، 25 اپریل (یو این آئی) بہار کی راجدھانی پٹنہ کے کوتوالی تھانہ علاقے میں پٹنہ جنکشن کے نزدیک واقع ایک ہوٹل میں جمعرات کی صبح اچانک آگ لگ جانے سے چھ لوگوں کی موت اور 20 جھلس کر زخمی ہو گئے۔سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سنٹرل) چندر پرکاش نے پٹنہ جنکشن کے نزدیک پال ہوٹل میں آگ لگنے سے چھ لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں تین مرد اور تین خواتین شامل ہیں جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے۔ آگ لگنے کے بعد ہوٹل میں رکھا سلنڈر بھی پھٹ گیا جس سے آگ مزید بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی دیر میں آگ چار منزلہ عمارت کی تمام منزلوں تک پھیل گئی اور ملحقہ عمارت کو بھی زد میں لے لیا۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ 45 افراد کو آگ کے درمیان سے نکال لیا گیا جن میں سے دو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اسی دوران تقریباً 25 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ مزید چار افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔ آگ بجھانے کے لیے 08 فائر انجن اور 50 اہلکار تعینات کیے گئے اور تقریباً دو گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔