نئی دہلی، 15 مئی (یواین آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا کہ دہلی کا ہر ووٹر خود کو وزیر اعلی اروند کیجریوال سمجھ رہا ہے اور وہ اس آمرانہ حکومت کو ہٹانے کے لیے بہت پرجوش ہے۔مغربی دہلی سے انڈیا اتحاد کے امیدوار مہابل مشرا نے آج یہاں ‘جیل کا جواب ووٹ سے ‘ مہم میں کہا کہ دہلی میں بی جے پی کی گارنٹی جملہ بن گئی ہے، جب کہ اروند کیجریوال کی گارنٹی ہر گھر میں نظر آتی ہے۔ آج دہلی کا ہر ووٹر خود کو کیجریوال سمجھتا ہے اور وہ اس آمرانہ حکومت کو ہٹانے کے لیے بہت پرجوش ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ ہم خوشی اور غم میں ان کے ساتھی ہیں، ہم نے ہمیشہ ان کے درمیان رہ کر کام کیا ہے۔ ہمارا نعرہ ہے، کام کیا ہے، کام کریں گے اور جن جن کا سمان کریں گے، اس لیے عام آدمی پارٹی کا چاہے وہ ایم ایل اے ہو یا ایم پی، ہر کوئی عام آدمی ہے۔
اس دوران ایم ایل اے جرنیل سنگھ نے کہا کہ انتخابات میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں۔ آپ کے پاس اس آمریت کا جواب دینے کا موقع ہے۔ بی جے پی نے ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن کسی کو سرکاری نوکری نہیں ملی۔ انہوں نے پٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی میں کمی کا وعدہ کیا تھا لیکن ایسا نہیں کیا۔ آج لوگ بی جے پی سے سوال پوچھ رہے ہیں لیکن اس کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ پچھلے 10 سال جو ان کے ایم پی تھے، وہ کبھی نظر نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے بعد بھی دہلی حکومت منافع میں چل رہی ہے۔ اب مسٹر کیجریوال ان پیسوں سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں ہر ماہ 1000 ہزار روپے مہیلا سمان راشی دینے جارہے ہیں۔ عوام ایسی حکومت چاہتے ہیں جو عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔