نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): سپریم کورٹ نے کسی بھی معاملے پر پولیس کی جانب سے کسی شخص کواحتیاطاً حراست میں لئے جانے کو ذاتی آزادی پر سنگین حملہ قرار دیا ہے۔ عدالت نے جمعہ کو کہا کہ احتیاطی نظر بندی انفرادی آزادی پر سنگین حملہ ہے اور اس لیے آئین میں فراہم کردہ تحفظات اور اس طرح کی کارروائی کی اجازت دینے والا قانون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے۔
چیف جسٹس ادے امیش للت، جسٹس ایس. رویندر بھٹ اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے 12 نومبر 2021 کو تریپورہ حکومت کے ذریعہ منظور شدہ احتیاطی نظر بندی کے حکم کو رد ہوئے یہ ریمارکس دیئے۔ روزنامہ ہندوستان کی خبر کے مطابق بنچ نے غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک مادہ ایکٹ کے تحت جرائم کے ملزم کی فوری رہائی کی بھی ہدایت کی۔
عدالت نے مشاہدہ کیا کہ احتیاطی حراست کے مقصد کے تناظر میں حراست میں لینے والے افسران کے ساتھ ساتھ حاضر سروس افسران کے لیے بھی چوکنا رہنا اور اپنی آنکھیں کھلی رکھنا بہت ضروری ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ نظر بندی کا حکم 12 نومبر 2021 کا ہے اور اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے کہ حراستی اتھارٹی کو احتیاطی حراست کا حکم پاس کرنے میں تقریباً پانچ ماہ کیوں لگے۔
درحقیقت، ملزم سوشانت کمار بنک نے ریاستی حکومت کی طرف سے دیے گئے حراستی حکم کے خلاف ان کی عرضی کو خارج کرنے کے تریپورہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کا رخ کیا تھا۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے جمعہ کو اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے یہ تلخ تبصرہ کیا۔












