کوٹہ (پریس نوٹ): گورنمنٹ آرٹس کالج کوٹہ میں شعبہ اردو کے صدر پروفیسر محمد نعیم فلاحی کو 77 ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر رویندر منچ جے پور میں منعقد ایک سیمینار میں صوبائی وزیر محکمہ ادب و ثقافت بالکی داس کلا کے ہاتھوں راجستھان اردو اکادمی کے ’ڈاکٹر ثاقب حسن رضوی ایوارڈ‘ سے سرفراز کیا گیا۔ پروفیسر فلاحی کے اعزاز میں سند اور سپاس نامے کے علاوہ مبلغ پندرہ ہزار روپے بہ طور انعام پیش کیا گیا۔ پروفیسر نعیم فلاحی گزشتہ ۲۹ برسوں سے راجستھان کی مختلف یونی ورسٹیوں و کالجوں میں اردو کی تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کے زیر نگرانی اب تک سات طلبہ و طالبات کو ایم فل جب کہ سات ریسرچ اسکالرز کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ موصوف ایک میقات ادارہ ادب اسلامی ہند کے ناظم اعلیٰ اور اس کے ترجمان ماہ نامہ ’پیش رفت‘ کے مدیر منتظم رہے ہیں۔ فی الوقت آپ ادارے کے مجلس اعلیٰ اور پیش رفت کی مجلس ادارت کے معزز رکن ہیں۔ درس و تدریس کے علاوہ موصوف سماج میں تعلیمی بیداری اور طلبہ کی کریئر کاؤنسلنگ کے حوالے سے سرگرم خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ ایک عرصے تک آپ گورنمنٹ سکریٹریٹ ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ اس اعزازی تقریب میں مہاویر وکلانگ سہایتا سمیتی کے بانی ڈی آر مہتا، رمیش بورانا (صدر راج راجیہ میلہ پرادھیکرن حکومت راجستھان، رفیق خان (صدر ریاستی اقلیتی کمیشن و ممبر اسمبلی آدرش نگر) اور ڈاکٹر خانو خان بدھووالی (صدر راجستھان مسلم وقف بورڈ)، راجستھان اردو کادمی کے صدر ڈاکٹر حسین رضا خان، سکریٹری ڈاکٹر صغیر احمد قاسمی کے علاوہ ریاست بھر سے اردو زبان و ادب کے متعدد اسکالرز اور ادبا و شعرا موجود تھے۔












