چنڈی گڑھ، 10 مئی (یو این آئی) چنڈی گڑھ کانگریس نے پنجاب الیکشن کمیشن کی جانب سے کسانوں کو بی جے پی امیدواروں کی مخالفت کرنے سے روکنے کی حالیہ ‘ہدایت’ کسانوں کے آئینی حقوق کے خلاف اور متعصبانہ طرز عمل کی مثال ہے۔چنڈی گڑھ کانگریس کے ترجمان راجیو شرما نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی منمانی کا شکار ہونے والے کسانوں کو حکومتی نمائندوں کے تئیں اپنی ناراضگی ظاہر کرنے اور پرامن احتجاج کرنے کا حق ہے۔ یہ عجیب بات ہے کہ ایک ایسے ملک میں پرامن احتجاج کے حق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جس نے طاقتور برطانوی راج کے خلاف اسی طرح کے احتجاج کی وجہ سے آزادی حاصل کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں بی جے پی امیدواروں کو کسانوں کی مخالفت کا سامنا ہے۔ حال ہی میں، الیکشن کمیشن کی پنجاب یونٹ نے کسانوں کو ایسا نہ کرنے کی ہدایت کی تھی اور انتظامی عہدیداروں کو بھی ہدایت دی تھی تمام امیدواروں کو ‘لیول پلیئنگ فیلڈ’ اور بی جے پی امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرائی جائے۔مسٹرشرما نے اس کے ساتھ ہی عام انتخابات میں ووٹنگ کے اعداد و شمار میں بڑے اتار چڑھاؤ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپنی ویب سائٹ پر فارم 17سی کے حصہ 1 میں موجود ووٹنگ کے تصدیق شدہ ریکارڈ کا فوری طورپر انکشاف کرنے کی درخواست کی۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ "انتخابات کے انعقاد کے ضوابط” کے رول 49 ایس کے مطابق، پریزائیڈنگ آفیسر کو فارم 17سی کے پارٹ ون میں درج ووٹوں کا حساب کتاب تیار کرنا ہوتا ہے اور اس کی تصدیق شدہ کاپی ہر ایک پولنگ ایجنٹ کو پولنگ ختم ہونے کے فوراً بعد دینی ہوتی ہے۔
مسٹرشرما نے کہا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے دن یعنی 19 اپریل کو جاری اپنے پریس نوٹ میں کہا کہ شام 7 بجے تک تخمینہ شدہ ووٹنگ 60 فیصد سے کچھ زیادہ تھی، لیکن 11 دن بعد 30 اپریل کو، کمیشن کی طرف سے شائع شدہ ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمارکو 66.14 فیصد تک بڑھا دیاگیا۔