گاندھی نگر (یو این آئی) گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں سخت سیکورٹی کے درمیان شمالی اور وسطی گجرات کے 14 اضلاع کی 93 نشستوں کے لیے پولنگ پیر کی صبح 8 بجے شروع ہوئی۔ کئی مقامات پر صبح سے ہی ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ ریاست میں صبح 9 بجے تک پہلے گھنٹے میں 4.75 فیصد سے زیادہ پولنگ ریکارڈ کی گئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح احمد آباد کے رانیپ علاقے میں نشان ودیالیہ بوتھ پر ایک قطار میں لگ کر ووٹ دیا۔ مسٹر مودی ماں ہیرابا سے ملنے کل شام احمد آباد ہوائی اڈے سے سیدھے گاندھی نگر پہنچے تھے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے کہا کہ فیصد کی گنتی اور مرتب کرنے کا کام ابھی جاری ہے۔ صبح 9 بجے تک اراولی میں 4.99 فیصد، احمد آباد میں 4.20، آنند 4.92، کھیڑا 4.50، گاندھی نگر 7.05، چھوٹا اودے پور 4.54، داہود 4.35، پنچ محل 4.06، پٹن 4.34، بناس کانٹھا، 5.36 ، مہی ساگر 3.76، مہی سانا 5.44، وڈودرا 4.68، سابر کانٹھا 5.26 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ گاندھی نگر میں سب سے زیادہ 7.05 فیصد اورسب سے کم مہی ساگر میں 3.76 فیصد پولنگ ہوئی۔
سرد ہواؤں کے درمیان دوسرے مرحلے میں جوش و خروش کے ساتھ اپنا پہلا ووٹ ڈالنے کے لیے بزرگ، خواتین اور نوجوان صبح 8 بجے ہی قطار میں کھڑے نظر آئے۔