حیدرآباد (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) راہل گاندھی کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد غیر متوقع طور پر وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تائید حاصل ہوئی ہے۔
بی آر ایس کے قومی صدر اوروزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے راہل گاندھی کو نااہل قرار دیئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ دن سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے غرور اور تکبر اور ڈکٹیٹرشپ کے عروج کی ایک مثال ہے۔سیاست نیوزکی خبر کے مطابق کے سی آر نے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ مودی حکومت نہ صرف دستوری اداروں کا بیجا استعمال کر رہی ہے بلکہ انتہائی اعلیٰ ترین جمہوری پلیٹ فارم پارلیمنٹ کو بھی اپنے گھناونے مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ جمہوریت اور آئینی اقدار کیلئے یہ کافی کٹھن گھڑی ہے۔ مودی حکومت کے تحت ملک کے حالات سابق میں ایمرجنسی کے حالات سے بھی متجاوز ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال جمہوریت اور دستوری اقدار کے لئے مناسب نہیں ہے۔ مودی دور حکومت نے ایمرجنسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ اپوزیشن قائدین کو ہراساں کرنا معمول بن چکا ہے ۔ نریندر مودی اپوزیشن قائدین کو نااہل قرار دیتے ہوئے مجرموں اور دھوکے بازوں کا تحفظ کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ موجودہ وقت سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کا نہیں ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام جمہوری طاقتوں کو بی جے پی حکومت کے اقدامات کی مذمت کرنی چاہئے تاکہ جمہوری اور دستوری اقدار کا ملک میں تحفظ ہو۔ ہر کسی کو بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی مزاحمت کرنی چاہئے۔ر