نئی دہلی: حال ہی میں ساہتیہ اکادمی، نئی دہلی (وزارت ثقافت، حکومت ہند) نے اردو زبان کی مشاورتی بورڈ کا اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق اردو کے ممتاز شاعر و ادیب چندربھان خیال کنوینر بنائے گئے ہیں جبکہ ممبران میں پروفیسر طارق چھتاری (علی گڑھ)، جناب ف س اعجاز (کولکاتہ)، ڈاکٹر جانکی پرساد شرما (دہلی)، جناب شمیم طارق (ممبئی)، پروفیسر عزیز پریہار (لدھیانہ)، جناب محمد اشرف (چنئی)، ڈاکٹر بلقیس جہاں (بھوپال)، ڈاکٹر احمد صغیر (گیا) اور ڈاکٹر ابو ظہیر ربانی (نئی دہلی) کے نام شامل ہیں۔ اکادمی کے ایگزیکٹیو بورڈ کے تمام ممبران بشمول صدر و نائب صدر اور سکریٹری ساہتیہ اکادمی نے جناب خیال کو ایک متوازن کمیٹی کی تشکیل دینے کے لیے، جس میں ملک بھر کے ادیبوں کی نمائندگی کو ترجیح دی گئی ہے، مبارکباد پیش کی۔
جناب چندربھان خیال 2008 سے 2011 تک قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند کے وائس چیئرمین رہے۔ نیشل بک ٹرسٹ آف انڈیا کی اردو مشاورتی بورڈ کے ممبر، دلّی اردو اکادمی اور ہریانہ اردو اکادمی کی گورننگ کونسل کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ کئی شعری مجموعوں اور کرشمہ کہی جانے والی حضرت محمدؐ کی سیرت مبارک پر مبنی طویل شاہکار نظم ’لولاک‘ کے خالق چندربھان خیال کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ، اقبال سمان، ٹیگور لٹریچر ایوارڈ، ماکھن لال چترویدی راشٹریہ سمان سمیت کئی اہم ترین انعامات و اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔ آپ سرسوتی سمان (کے کے برلا فاؤنڈیشن) اردو بھاشا سمیتی کے کنوینر اور گیان پیٹھ ایوارڈ کی اردو مشاورتی کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔












