نئی دہلی، 10 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے خصوصی درجے سے متعلق آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے مرکزی حکومت کے 2019 کے فیصلے کو برقرار رکھنے والے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کی آئینی بنچ کے سامنے نظرثانی درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ نے 11 دسمبر 2023 کو آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو آئینی قرار دیتے ہوئے برقرار رکھا تھا۔
اپنے فیصلے میں، سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک عارضی بندوبست تھا۔درخواست گزاروں میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، عوامی نیشنل کانفرنس، مظفر اقبال خان اور جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ شامل ہیں۔آئینی بنچ نے اپنے متفقہ فیصلے میں مرکز کو جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے اور ستمبر 2024 تک وہاں انتخابات کرانے کا بھی حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ نے لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے فیصلے کو بھی آئینی طور پر درست قرار دیا تھا۔