نئی دہلی، 05 جولائی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا صدر بنایا گیا ہے عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو کہا کہ پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج کمار گپتا نے مسٹر سنگھ کو دی گئی نئی ذمہ داری کے بارے میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر کو خط لکھا ہے مسٹر سنگھ نے یہ نئی ذمہ داری ملنے کے بعد وزیر اعلی اروند کیجریوال کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ "مسٹر کیجریوال نے ہمیشہ گلی سے ایوان تک آواز اٹھانے کا موقع دیا۔ میں پارٹی پارلیمانی پارٹی کے صدر کے طور پر مسٹر کیجریوال کی طرف سے دی گئی ذمہ داری کو پوری لگن کے ساتھ پورا کروں گا۔ اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کا بے حد شکریہ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی مسٹر سنگھ راجیہ سبھا میں اپنی پہلی میعاد میں پارٹی لیڈر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ وہ دوسری بار راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور 19 مارچ کو ایوان بالا کے رکن کے طور پر حلف لیا۔ اس وقت عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا میں دس ممبران پارلیمنٹ ہیں، جب کہ لوک سبھا میں تین ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔