نئی دہلی (یواین آئی) دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے بعد، دہلی حکومت نے پانچویں جماعت تک کے اسکولوں کو اگلے حکم تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، حالانکہ ان طلباء کی کلاسیں آن لائن چلیں گی۔دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے خود انسٹاگرام پر یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے دہلی کے تمام پرائمری اسکول اگلے احکامات تک آن لائن کلاسز میں منتقل ہوجائیں گے۔
دہلی کی ہوا کا معیار انتہائی خراب سطح پر پہنچ گیا ہے۔ دہلی کا اے کیو آئی لیول جمعرات کو 400 کو پار کر گیا۔ آلودگی کی اس سطح کو دیکھتے ہوئے، ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن نے 15 نومبر سے گریپ-3 کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کی وجہ سے آلودگی پر قابو پانے تک تعمیراتی کام بند رہیں گے۔ عمارتوں میں توڑپھوڑ اور کان کنی سے متعلق ہر قسم کی سرگرمیاں ٹھپ رہیں گی۔اس کے ساتھ گریپ-3 کے دوران تعمیرات اور توڑپھوڑ پر پابندی رہے گی ،تمام غیر ضروری کان کنی کی سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ نان الیکٹرک، نان سی این جی اور نان بی ایس-VI ڈیزل انٹر اسٹیٹ بسوں پر بھی پابندی رہے گی۔