نئی دہلی(یو این آئی) دہلی کی ایک عدالت نے پیر کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے قومی صدر ایم کے فیضی کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحویل میں تین دنوں کی توسیع کر دی۔ای ڈی کے وکیل نے دلیل دی کہ مزید پوچھ گچھ کے لیے فیضی کے ای ڈی ریمانڈ میں مزید پانچ دنوں کی توسیع کی جانی چاہیے۔
ایڈیشنل سیشن جج (اے ایس جے) چندر جیت سنگھ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دفاع کے دلائل سننے کے بعد ایس ڈی پی آئی سربراہ کو مزید تین دن کے لیے ای ڈی کی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔فیضی کو ای ڈی حکام نے گزشتہ ہفتے دہلی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پی ایم ایل اے کی دفعات کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس کی گرفتاری ممنوعہ تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے منسلک مبینہ منی لانڈرنگ سرگرمیوں کی جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔