ناسک، 30 ستمبر (یو این آئی/ایجنسیاں) مہاراشٹر کے ناسک میں جمعرات کو بھگوان گنیش کی مورتی کے وسرجن کے دوران مختلف واقعات میں ڈوبنے سے سات افراد کی موت ہو گئی۔ تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
پولیس نے آج یہاں بتایا کہ چار مزدور جمعرات کو گوداوری ندی میں گنیش مورتی کے وسرجن کے دوران پھسلنے کے بعد ڈوب گئے، جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔ تمام لاشوں کو فائر بریگیڈ کے عملے نے جمعہ کو گوداوری ندی کے قریب تالکوٹیشور پل کے قریب سے نکالا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی شام ناسک روڈ علاقے میں والدیوی ندی میں گنیش مورتی کے وسرجن کے دوران ڈوبنے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ ان میں سے دو لاشیں رات ہی نکالی گئی تھیں جبکہ ایک لاش کل نکالی گئی تھی۔
ادھر خبروں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مہاراشٹر کے کئی دوسرے حصوںسے بھی گنیش مورتی کے وسرجن کے دوران کئی حادثے رونما ہوئے جن میںمجموعی طورپر کم ازکم 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ خیال رہے کہ وسرجن جلوس جمعرات کو اننت چتردشی کے موقع پر نکالے گئے، جو 10 روزہ گنیش تہوار کے اختتام کے موقع پر تھے۔ ممبئی سمیت کچھ شہروں میں جلوس جمعہ کی دوپہر تک جاری رہے۔