کولکاتا(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کا اعلان کرنے والےسخت گیر عناصر کو شاہ رخ خان نے فلمی انداز میں کرارا جواب دے دیاہے۔ شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ دنیا جو کچھ بھی کرلے میں، آپ اور جتنے بھی مثبت لوگ ہیں سب کے سب زندہ ہیں۔ شاہ رخ خان کی نئی فلم پٹھان کے گیت میں ہیروئن دیپیکا پادوکون کے زعفرانی لباس کو وجہ بنا کر شدت پسند عناصر نے فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
شاہ رخ خان نے کولکتا انٹرنیشنل فلم فیسٹول 2022 میں خطاب کے دوران اپنی فلم پٹھان کے بائیکاٹ پر مبنی سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ٹرینڈ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے فلم پٹھان کا حوالہ تو نہیں دیا البتہ ان کے مخاطب سوشل میڈیا پر تنگ نظری پر مبنی خیالات کے حامل افراد تھے۔
شاہ رخ خان نے منفی خیالات رکھنے والوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن دنیا کچھ بھی کرلے میں، آپ اور جتنے بھی مثبت خیالات رکھنے والے لوگ زندہ ہیں۔ ان کا یہ آخری جملہ دراصل فلم پٹھان کے ایک کردار کے انداز پر مبنی ہے۔ جس پر وہاں موجود لوگوں کے جم غفیر نے زبردست تالیاں بجائیں۔
اس فیسٹول کے افتتاح کے موقع پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی سمیت بالی ووڈ کے بڑے اسٹارز بشمول امیتابھ بچن، جیا بچن اور رانی مکھرجی سمیت کئی شخصیات شریک تھیں۔
واضح رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم پٹھان میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی شامل ہیں اور یہ آئندہ برس 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی۔