حیدرآباد :تلنگانہ میں مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی شدید گرمی نے لوگوں کو پریشان کرنا شروع کردیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے ریاست کے عوام کیلئے بڑا الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کو دیکھتے ہوئے حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور خاص طور پر شدید گرمی کے اوقات میں احتیاط برتی جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے شمالی اور مشرقی اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔ اضلاع کھمم، بھدرادری، کتہ گوڑم، منچریال، عادل آباد اور جگتیال کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور ان علاقوں کے عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں درجہ حرارت پہلے سے ہی 39 سے 41 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین سے چار دن یعنی 7 سے /10 مارچ تک اسی طرح کی شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران گرم ہواؤں کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب شہر حیدرآباد میں بھی مارچ میں غیرمعمولی زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری تک پہنچ گیا ہے اور گزشتہ تین دنوں سے شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ اس غیر معمولی گرمی نے عوام کو پریشان کردیا ہے۔ کیونکہ عام طور پر اس طرح کی گرمی اپریل اور مئی کے مہینوں میں محسوس کی جاتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو زیرزمین پانی کی سطح میں بھی نمایاں کمی کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ عوام کو شدید گرمی کے پیش نظر احتیاط کا مشورہ دیا گیا۔ عہدیداروں نے دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔ خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور حاملہ خواتین کو ہدایت دی گئی کہ وہ پانی کی کمی اور سن اسٹروک سے بچنے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔ 2












