پریاگ راج:14نومبر(یواین آئی) دو روزہ امتحان اور نارملائزیشن کے خلاف دھرنا دے رہے طلبہ کے مطالبے کو مانتے ہوئے اترپردیش پبلک سروس کمیشن نے پی سی ایس پرلیمنری امتحان۔2024 کو ایک دن میں کرائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔آفیشیل ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق پریاگ راج میں سراپا تحریک طلبہ کے مطالبے کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نوٹس لیا ہے جن کی پہل پر یوپی ایس سی نے جمعرات شام ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ ابھی جاری ہے اوراس بارے میں تفصیلی جانکاری کا انتظار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی نے کمیشن کو طلبہ کے ساتھ مذاکرات اور رابطہ کر کے ضروری فیصلہ لینے کوکہا ہے۔ انہوں نے بتای اکہ آر او/اے آر او(امتحان۔2023 کے لئے کمیشن کے ذریعہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی سبھی نکات پر غور کر جلد ہی اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ نارملائزیشن عمل کو منسوخ کر ‘ون ڈے ون شفٹ’ امتحان کے مطالبے کے سلسلے میں طلبہ گذشتہ تین دنوں سے یوپی پی ایس سی دفتر کا گھیراؤ کررہے ہیں۔ اس دوران ان کی سیکورٹی فورسز سے جھڑپ بھی ہوچکی ہے۔
قبل ازیں یہ خبر بھی آئی کہ دو روزہ امتحان اور نارملائزیشن کی مخالفت میں پبلک سروس کمیشن(یو پی پی ایس سی) کے سامنے سراپا احتجاج طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔ڈپٹی پولیس کمشنر(شہر)ابھیشیک بھارتی نے پبلک سروس کمیشن کے سامنے طلبہ/طالبات کو حراست میں لینے کی خبر کو گمراہ کن قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ پرامن دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان کے درمیان کچھ شرپسند عناصر گھسے اور انتظامیہ اور طلبہ سے مذاکرات کو روکنے اور ان کو بھڑکانے کا کام کررہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ کسی بھی طالب علم کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔ یہ گمراہ کن خبر لوگوں میں پھیلائی جارہی ہے۔ موقع پر خاتون فورس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی شرپسندعناصر طلبہ کے درمیان آکر ورغلانے کا کام کررہے ہیں ان کے خلاف پولیس لگاتار قانونی کاروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ سے پرامن مظاہرہ کرنے اور بند کئے گئے راستے کو کھلونے کی اپیل کی گئی ہے۔
طلبہ کا الزام ہے کہ جمعرات کی صبح پولیس سول ڈریس میں پہنچی اور طلبہ کے ساتھ مارپیٹ کرنے لگی۔ ا ن کا الزام ہے کہ پولیس انہیں دھرنا مظاہرہ کرنے سے روک رہی تھی۔ کچھ طلبہ کو اٹھا کر گاڑی میں بھی لے جایا گیا۔طالب علم سندیپ کمار نے بتایا کہ سول ڈریس میں پولیس ہمارے ساتھ مارپیٹ کیا اور کپڑے پھاڑ دئیے۔ ان کا کہنا ہے کہ صبح جائے دھرنا پر کم طلبہ رہتے ہیں اسی وقت سول ڈریس میں پہنچ کر پولیس نے طلبہ کو بھگانے کی کوشش کی۔