نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت کو دلت مخالف اور پسماندہ طبقات مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سماجی انصاف کو یقینی بنانے والے آئینی اداروں میں خالی پڑے عہدوں کو جان بوجھ کر نہیں بھر رہی ہے تاکہ ان طبقات کے لوگوں کو انصاف نہ مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کمزور طبقوں کے مفادات کے خلاف ہے، اس لئے مختلف آئینی اداروں جیسے درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقات کمیشن میں خالی عہدوں پر بھرتی نہیں کی جا رہی ہے۔مسٹر راہل گاندھی نے کہا، ‘ملک بھر میں ہزاروں دلت اور پسماندہ لوگ انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ذات پات کی مردم شماری کا مطالبہ ہر طرف گونج رہا ہے۔ ایسے وقت میں، بی جے پی حکومت کا دانستہ طور پر آئینی اداروں کے کلیدی عہدوں کو خالی رکھنے سے اس کی دلت مخالف پسماندہ ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا، "مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیاریت کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں درج فہرست ذاتوں کے قومی کمیشن اور قومی پسماندہ طبقات کمیشن میں خالی عہدوں کو بھرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔”