نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) ہندوستانی خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کی مشترکہ طور پر چاندی کا تمغہ دینے کی اپیل کو ثالثی عدالت (سی اے ایس) کے ایڈہاک ڈویژن نے بدھ کو مسترد کر دیا۔دو بار فیصلہ ملتوی کرنے کے بعد سی اے ایس نے آج اچانک ونیش کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ اس بارے میں انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے صدر ڈاکٹر پی ٹی اوشا نے کھیلوں کے لیے ثالثی عدالت (سی اے ایس) کے فیصلے پر حیرت اور ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
آئی او اے نے ایک بیان میں کہا کہ پیرس اولمپکس میں مقابلے کے ایک دن بعد وزن کی خلاف ورزی پر کسی کھلاڑی کو مکمل طور پر نااہل قرار دینا مکمل تحقیقات کا معاملہ ہے۔ ہندوستان کے قانونی نمائندوں نے سی اے ایس کے سامنے اپنے خیالات پیش کیے تھے۔آئی او اے نے اپنے بیان میں کہا کہ سی اے ایس کے فیصلے کے بعد بھی آئی او اے پھوگاٹ کی مکمل حمایت میں کھڑا ہے اور مزید قانونی آپشنز تلاش کر رہا ہے۔ آئی او اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پابند ہے کہ ونیش کے کیس کی سماعت کی جائے۔ آئی او اے کھیلوں میں انصاف کی وکالت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ ونیش نے 50 کلوگرام خواتین کی کشتی کے زمرے میں لگاتار تین میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ لیکن فائنل میچ سے پہلے اولمپک کمیٹی نے ونیش کو نااہل قرار دے دیا تھا کیونکہ ان کا وزن 50 کلوگرام سے زیادہ 100 گرام پایا گیا تھا۔ جس کے بعد ونیش نے مشترکہ طور پر چاندی کا تمغہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سی اے ایس میں اپیل دائر کی تھی۔