کوہیما :ناگالینڈ اسمبلی انتخابات کے تحت 60 سیٹوں کے منجملہ 59حلقوںکے لیے ووٹنگ پیر کو ایک ہی مرحلے میں ہوگی، جس میں 183 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ سخت سیکوریٹی میں پولنگ پیر کی صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں اقتدار کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ بی جے پی اور این ڈی پی پی 20:40 سیٹوں کی تقسیم پر الیکشن لڑ رہی ہیں جبکہ ناگا پیپلز فرنٹ اور کانگریس بالترتیب 22 اور 23 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ ناگالینڈ میں بی جے پی نے انتخابات سے پہلے ہی ریاست میں اپنا کھاتہ کھول لیا ہے کیونکہ کانگریس امیدوار کی الیکشن سے دستبرداری کے بعد پارٹی امیدوار کازیتو کنیمی نے اکولوتو سیٹ سے بلا مقابلہ جیت لیا۔ کھیکاشے سومی کی طرف سے امیدواری واپس لینے کے بعد ناگالینڈ اسمبلی انتخابات میں کل 183 امیدوار میدان میں ہوں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس بار انتخابی میدان میں 183 امیدواروں میں سے صرف چار خواتین ہیں۔ 1963 میں قائم ہونے کے بعد سے ریاست ناگالینڈ میں 14 اسمبلی انتخابات ہوئے لیکن کبھی بھی کوئی خاتون ایم ایل اے نہیں ہے۔کل 13,17,632 ووٹرز سیاسی جماعتوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے اور 60 رکنی ناگالینڈ قانون ساز اسمبلی کے اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
جن میں سے 6,61,489 مرد ووٹرز ہیں اور 6,56,143 خواتین ووٹرز ہیں۔